Time 21 جولائی ، 2023
پاکستان

بلاول بھٹو زرداری کا سیلاب متاثرین کو 20 لاکھ گھر بنا کر دینے کا اعلان

20 لاکھ گھر بنانے میں وقت لگے گا جس کے گھر کا نقصان ہوا اس کو گھر اور مالکانہ حقوق دیے جائیں گے: چیئرمین پی پی— فوٹو: پی پی
 20 لاکھ گھر بنانے میں وقت لگے گا جس کے گھر کا نقصان ہوا اس کو گھر اور مالکانہ حقوق دیے جائیں گے: چیئرمین پی پی— فوٹو: پی پی

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب متاثرین کو 20 لاکھ گھر بنا کر دینے کا اعلان کردیا۔

لاڑکانہ میں بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب متاثرین کو ان کیلئے بنائے گھروں کے مالکانہ حقوق کی اسناد تقسیم کیں۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ سیلاب متاثرین کو 20 لاکھ گھر بناکر دیں گے، ایسےمضبوط گھر بناکردیں گے جنہیں سیلاب سےنقصان نہیں پہنچےگا، متاثرین کوگھروں کے مالکانہ حقوق دلائیں گے اور مالی مدد بھی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ 20 لاکھ گھر بنانے میں وقت لگے گا جس کے گھر کا نقصان ہوا اس کو گھر اور مالکانہ حقوق دیے جائیں گے، ہمارے صوبے سے ایک انقلاب شروع ہورہا ہے، ہاؤسنگ منصوبہ ایسا بنارہےہیں کہ سیلاب آئے تو نقصان نہ ہو۔

ان کا کہنا تھاکہ سیلاب متاثرین کو معاشی طور پر مضبوط بنائیں گے، اسلام آباد میں بیٹھنےوالوں کو اندازہ نہیں کہ عوام کتنے مشکل میں ہیں، قائدعوام نےسکھایا تھا کہ عوام کو روٹی،کپڑا اور مکان دلاناہے، یہ سفر سندھ بھر میں شروع ہورہا ہے، 5 ہزار گھروں کےمالکانہ حقوق دیےجارہے ہیں، اس قسم کے منصوبے بلوچستان، پنجاب اور کےپی کے عوام کو بھی دیں گے، الیکشن جیتنے کے بعد ایسے انقلابی اقدامات کریں گے۔

بلاول کا کہنا تھاکہ دوسری جماعتیں سمجھتی ہیں کہ وہ امیر کو امیربنائیں گے، جب امیر کو امیر تر بناتےہیں تو وہ اپنا پیسا بینک اکاؤنٹ میں ڈال کربھول جاتاہے، ہماری اوران کی سوچ میں فرق یہ ہےپیپلزپارٹی عوام دوست منصوبےلاتی ہے، ہم ریاست کا اثاثہ حکومت سے لے کر عوام کو دلارہےہیں۔

مزید خبریں :