Time 24 جولائی ، 2023
پاکستان

بہاولپور یونیورسٹی اسکینڈل میں جو بھی ملوث ہے چوک پر لٹکا دینا چاہیے: چیئرمین ایچ ای سی

اللہ کرے اسلامیہ یونیورسٹی کا واقعہ جھوٹا ہو، ابتدائی رپورٹ حاصل کرلی ہے: ڈاکٹر مختار احمد— فوٹو:فائل
اللہ کرے اسلامیہ یونیورسٹی کا واقعہ جھوٹا ہو، ابتدائی رپورٹ حاصل کرلی ہے: ڈاکٹر مختار احمد— فوٹو:فائل

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور  واقعے کی ابتدائی رپورٹ حاصل کرلی ہے۔

اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے مبینہ اسکینڈل پرگفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر مختار احمد کا کہنا تھاکہ اللہ کرے اسلامیہ یونیورسٹی کا واقعہ جھوٹا ہو، یہ باعث شرم ہے، ہمارے اداروں کوکیا ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایسی کوئی بات ہے تو کسی کو بھی نہیں چھوڑنا چاہیے، سزا کا عمل جب تک نہیں ہوگا یہ چیزیں چلتی رہیں گی۔

ان کا کہنا تھاکہ اس واقعے میں جوبھی ملوث ہے اس کوچوک میں لٹکا دینا چاہیے۔

چیئرمین ایچ ای سی نے بتایاکہ کمیشن نے واقعے کی ابتدائی رپورٹ یونیورسٹی سے حاصل کرلی ہے۔

خیال رہےکہ گزشتہ دنوں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں مبینہ طور پر منشیات اور ممنوعہ ادویات سمیت دیگر غیرقانونی کاموں کا معاملہ سامنے آیا تھا۔

پولیس نے یونیورسٹی کے چیف سکیورٹی آفیسر اعجاز شاہ کو چند روز قبل جبکہ ڈائریکٹر فنانس محمد ابوبکر کو گزشتہ ماہ گرفتار کیا تھا، ملزمان سے کرسٹل آئس اور ممنوعہ جنسی ادویات برآمد ہوئی تھیں۔

افسران کے موبائل فون کا فرانزک مکمل کرکے سیل فونز کی ویڈیوز، چیٹس، تصاویر سے متعلق جامع رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو بھیج دی گئی ہے جبکہ وائس چانسلر نے آئی جی پنجاب کو خط لکھ کر مقدمات کو جھوٹا قرار دے دیاہے۔

دوسری جانب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے آئی جی پنجاب پولیس کے نام خط لکھ کر افسران کے خلاف مقدمے کو جھوٹا قرار دیا ہے۔

وائس چانسلر کا کہنا ہےکہ معاملےکی شفاف تحقیقات کے لیے اعلیٰ افسران پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جائے، یونیورسٹی کی ترقی سے خائف لوگ یونیورسٹی کو بدنام کرنےکے درپے ہیں۔

ڈاکٹر اطہر محبوب کا آئی جی پنجاب کے نام خط میں کہنا تھا کہ یونیورسٹی میں کسی قسم کا کوئی غیر قانونی کام نہیں ہوتا۔

مزید خبریں :