پاکستان
03 جنوری ، 2013

کراچی میں چہلم کا مرکزی جلوس حسینیہ ایرانیاں پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا

کراچی…کراچی میں چہلم حضرت امام حسین کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوا۔اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔جلوس کے شرکاء نے ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاج بھی کیا۔کراچی میں شہدائے کربلا کے چہلم کی مرکزی مجلس نشتر پارک میں ہوئی۔مجلس سے خطاب میں علامہ طالب جوہری نے اہل بیت کی لازوال قربانیوں پر روشنی ڈالی اورکراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ اور حکومتی اقدامات پر تنقید کی۔مجلس کے بعد شرکاء نے ایم اے جناح روڈ پرعلامہ محمد رئیسی کی امامت میں نماز ظہرین ادا کی۔ نماز کے بعد ٹارگٹ کلنگ اور فرانس میں توہین آمیز کتاب کی اشاعت کے خلاف امام بارگاہ علی رضا کے سامنے احتجاج کیاگیا۔جلوس کے شرکاء راستے بھر سینہ کوبی ،زنجیر زنی اور نوحہ خوانی کرتے رہے۔اس موقع پرسیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے، ایم اے جناح روڈ اور جلوس کی دیگر گزر گا ہوں کے اطراف کی سڑکوں کو کنٹینرز اور دیگر رکاوٹیں لگا کر بند کردیا گیا تھا۔جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی گئی جبکہ شہری انتظامیہ کے کمانڈاینڈ کنٹرول روم سے جلوس کی مانیٹرنگ بھی کی گئی۔ چہلم امام حسین کا مرکزی جلوس اپنے مخصوص راستوں ایم اے جناح روڈ ، ایمپریس مارکیٹ ، تبت سینٹر سے ہوتا ہوا اما م بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگیا۔

مزید خبریں :