Time 26 جولائی ، 2023
پاکستان

بغاوت پر اکسانے کا کیس، عدالت نے شہباز گل کو اشتہاری قرار دے دیا

عدالت نے 31 جولائی کو شہباز گِل کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا— فوٹو:فائل
عدالت نے 31 جولائی کو شہباز گِل کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا— فوٹو:فائل

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے فوج کے خلاف بغاوت پر لوگوں کو اکسانے کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل اشتہاری قرار دے دیا۔

اسلام آباد کی سیشن عدالت کے جج طاہرعباس سِپرا نے شہباز گِل کے خلاف افواجِ پاکستان کے خلاف لوگوں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت کی۔

ایف آئی اے اور نادرا نے شہبازگِل کی پراپرٹیز کی رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی۔ شہباز گِل کی جانب سے سیشن عدالت میں سماعت روکنے اور بذریعہ ویڈیو لنک حاضری لگانے کی درخواستیں بھی دائر کی گئی۔

شہباز گِل نے بیماری کی وجہ بتا کر ویڈیولنک پر حاضری لگانے کی درخواست کی۔

عدالت نے دونوں درخواستیں مسترد کردیں اور عدم حاضری پر شہباز گِل کو اشتہاری قرار دے دیا۔ 

اس موقع پر سیشن جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اشتہاری کی کارروائی تب ہی منسوخ ہوتی جب ملزم ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہو، شہباز گِل 4 ہفتوں کا بتا کر ملک سے روانہ ہوئےتھے، انہوں نے چالاکیوں سے کام لینا شروع کردیاہے۔

جج کا کہنا تھاکہ شہباز گِل کو ملک سے بھگا دیا گیا۔

عدالت نے 31 جولائی کو شہباز گِل کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

مزید خبریں :