30 جولائی ، 2023
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) نے مون سون کی حالیہ بارشوں کی تباہ کاریوں کی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق ملک بھر میں بارشوں سے سب سے زیادہ اموات پنجاب میں رپورٹ ہوئیں۔
این ڈی ایم اے کی جاری رپورٹ کے مطابق 25 جون سے 29 جولائی تک بارشوں اور سیلاب سے ملک میں 173 افراد جان سےگئے جس میں 69 مرد، 32 خواتین اور 72 بچے شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں اور سیلاب سے پنجاب میں سب سے زیادہ 67 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ خیبر پختونخوا میں 47، سندھ میں 21، آزاد کشمیر میں 12، بلوچستان میں10اور گلگت بلتستان میں 5 اموات رپورٹ ہوئیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی 11 افراد جاں بحق ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں سے ملک بھر میں 260 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں 110 مرد، 76 خواتین اور 74 بچے شامل ہیں، سب سے زیادہ 158 افراد پنجاب میں زخمی ہوئے۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں بارشوں سے 1485 گھروں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ 475 مویشی سیلاب میں بہہ گئے۔