Time 30 جولائی ، 2023
پاکستان

مذاق مہنگا پڑگیا، غیرملکی خاتون کی باجوڑ آمد کی جعلی پوسٹ لگانے والا صارف گرفتار

پوسٹ کے بعد پولیس غیر ملکی دوشیزہ کو سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے ان کے گھر پہنچی تو معلوم ہوا کہ اس خبر میں کوئی صداقت نہیں— فوٹو: رپورٹر
پوسٹ کے بعد پولیس غیر ملکی دوشیزہ کو سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے ان کے گھر پہنچی تو معلوم ہوا کہ اس خبر میں کوئی صداقت نہیں— فوٹو: رپورٹر

غیرملکی خاتون کی باجوڑ آمد کی جعلی پوسٹ لگانے والے صارف محمد گلاب  کو گرفتار کرلیا گیا۔

گزشہ دنوں خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں غیر ملکی خواتین کی آمد اور ان کی شادیاں کرنے کی خبریں سامنے آئیں۔ 

اسی تناظر میں گزشتہ روز تحصیل سالارزئی کے رہائشی محمد گلاب نے اپنے دوست کے حوالے سے  مذاق میں سوشل میڈیا پر جعلی پوسٹ لگائی کہ ایک برطانوی دوشیزہ اپنے محبوب سے ملنے کیلئے تلی گاؤں پہنچ چکی ہے۔

پوسٹ میں غیر ملکی خاتون کی ضلع باجوڑ کے رہائشی محمد اسحاق خان کی محبت میں باجوڑ آمد کا ذکر تھا۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ وائرل ہونے کے بعد پولیس غیر ملکی دوشیزہ کو سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے لڑکے کے گھر پہنچی تو معلوم ہوا کہ اس خبر میں کوئی صداقت نہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ نذیر خان نے فیک پوسٹ پر نوٹس لیا جس پر پولیس نے سوشل میڈیا صارف محمد گلاب کو گرفتار کرکے ان کے خلاف متعلقہ سیکشن کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

ڈی پی او کے مطابق سوشل میڈیا پر جعلی اور جھوٹی خبریں پھیلانا قانوناً جرم ہے جس کی سزا قانون میں واضح ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا صارفین اس قسم کے حرکات سے گریز کریں اور ایک اچھے شہری ہونے کا ثبوت دیں ورنہ قانونی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مزید خبریں :