Time 26 جولائی ، 2023
پاکستان

سوشل میڈیا پر دوستی، چینی لڑکی پاکستانی لڑکے سے شادی کیلئے لوئر دیر پہنچ گئی

پاکستانی نوجوان جاوید ہاشمی کی عمر 16سال اور چینی لڑکی کی تاریخ پیدائش 3 ستمبر 2002 درج ہے اور وہ 21 سال کی ہے— فوٹو:
پاکستانی نوجوان جاوید ہاشمی کی عمر 16سال اور چینی لڑکی کی تاریخ پیدائش 3 ستمبر 2002 درج ہے اور وہ 21 سال کی ہے— فوٹو: 

سوشل میڈیا پر دوستی کے بعد چینی لڑکی بھی شادی کیلئے خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر دیر کے علاقے ثمرباغ پہنچ گئی۔

جیو نیوز سے گفتگو میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر دیر ضیا الدین نے بتایا کہ چینی لڑکی قبائلی ضلع باجوڑ کے رہائشی جاوید ہاشمی کے ساتھ کل دیر پہنچی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی نے چینی لڑکی کو اپنے ماموں عزت اللہ کے گھر ٹھہرایا تھا جہاں ایک رات قیام کے بعد دونوں اسلام آباد روانہ ہو چکے ہیں۔

ڈی پی او کے مطابق چینی لڑکی کے پاس دستاویزات مکمل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی لڑکی سن گوفنگ کی سوشل میڈیا پر جاوید ہاشمی کے ساتھ دوستی ہوئی تھی، دونوں تین سال سے رابطے میں ہیں اور اب شادی کےخواہشمند ہیں۔ 

دستاویزات کے مطابق پاکستانی نوجوان جاوید ہاشمی کی عمر 16سال جبکہ چینی لڑکی کی تاریخ پیدائش 3 ستمبر 2002  درج ہے اور وہ 21 سال کی ہے۔ 

 چینی لڑکی کے ویزے  کی معیاد  13 جولائی سے 12 اکتوبر 2023 تک ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں فیس بک پر دوستی کے بعد محبوب نصر اللہ سے ملنے بھارتی لڑکی انجو اپر دیر پہنچی تھی۔

گزشتہ روز انجو نے دیر بالا میں پاکستانی نوجوان نصر اللہ سے شادی کی تھی اور اسلام قبول کرکےاپنا نام فاطمہ رکھا۔

مزید خبریں :