پاکستان
04 جنوری ، 2013

بدین میں سبزے کی چادر پہ پیلے پھولوں کی بہار آگئی

بدین میں سبزے کی چادر پہ پیلے پھولوں کی بہار آگئی

بدین…سندھ کے ضلع بدین میں ان دنوں سبزے کی چادر پہ پیلے پھولوں کی بہار آئی ہوئی ہے۔ سرسوں کی فصل رنگ اور تازگی کا دلکش نظارہ اور کاشتکاروں کی روزی روٹی کا بہترین ذریعہ ہے۔ ضلع بدین کی خوبصورتی کے مختلف حوالے ہیں انھی میں سرسوں کے لہلہاتے کھیت ایسی حسین نسبت ہے جو نہ صرف قدرت کی صناعی کا منہ بولتا ثبوت ہے بلکہ یہ فصل کاشکاروں کی محنت کا ثمر بھی ہے جب سرد ہوا کے جھونکے تاحد نگاہ پیلے پھولوں کو گدگداتے ہیں تو رنگ،خوشبو اور نزاکت بیک وقت اٹھکیلیاں کرتی ہیں جس سے ماحول بھی سحر زدہ ہو جاتا ہے۔ سرسوں کی فصل خوبصورتی کا شاہکار بھی ہے اور کاشتکاروں کی روزی روٹی کا بہترین ذریعہ بھی۔ یہ فصل خوبصورتی بھی ہے اور ہمارے لئے روزی بھی ہے ۔بہت ہی خوبصورت لگتی ہے یہ فصل،اس پہ خرچہ بھی کم آتا ہے اور روزی بھی ٹھیک ملتی ہے ۔سرسوں کے سبز پتوں کو ساگ کہا جاتا ہے اور سرسوں کا ساگ دیہی علاقوں کی مشہور غذا بھی ہے اس کی پھلیوں میں پائے جانے والے بیجوں سے سرسوں کا تیل حاصل کیا جاتا ہے خوبصورتی کے لحاظ سے اس فصل کو ماحول دوست بھی کہا جاتا ہے کاشت سے تیاری تک یہ فصل خوشی،خوبصورتی اور امیدکا دوسرا نام ہے۔ سرسوں کی فصل کو کم پانی درکار ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ سرسوں نے نہری پانی کی قلت سے متاثرہ علاقوں کی مرکزی فصل کا درجہ اختیار کر لیا ہے۔

مزید خبریں :