پاکستان
04 جنوری ، 2013

شاہ زیب قتل کیس:ملزمان کی جائیداد اور اکاوٴنٹس منجمد کرنے کا حکم

شاہ زیب قتل کیس:ملزمان کی جائیداد اور اکاوٴنٹس منجمد کرنے کا حکم

اسلام آباد…سپریم کورٹ میں شاہ زیب قتل کے ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس افتخار محمد چوہدر ی نے حکم دیا کہ ملزمان کو 24گھنٹوں میں گرفتار کیا جائے اور کل تک ملزمان کی جائیداد اور بینک اکاوٴنٹس منجمد کیے جائیں۔ چیف جسٹس نے ملزمان کے پاسپورٹ منسوخ کرنے کا بھی حکم دیا، عدات نے ملزم کے والد سکندر جتوئی کو شامل تفتیش نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ کیس کی سماعت 7جنوری تک ملتوی کردی گئی۔دوران سماعت ایڈیشنل آئی جی سندھ نے عدالت کو بتایا کہ آئی جی کل کراچی میں چہلم جلوس کی سیکیورٹی کے باعث نہیں آئے، شاہ زیب قتل کیس کے حوالے سے ڈی آئی جی کی سربراہی میں تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ جسٹس گلزار نے سماعت کے دوران کہا کہ آپ کو کیس سے متعلق معلوم نہیں، تفریح کے لیے اسلام آباد چلے آئے، کیا آئی جی خود جا کر جلوس کی سیکیورٹی دیکھتا ہے؟ چیف جسٹس نے کہا کہ پیش کردہ دستاویزات سے ثابت نہیں ہوتا کہ گرفتاری کی سنجیدہ کوشش کی گئی، کراچی میں ویسے ہی حالات خراب ہیں، ادارے موجود ہیں لیکن کسی کی عزت محفوظ نہیں ہے، کیس کو لمبا کر کے خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ملزمان کی جائیداداورکے بینک اکاوٴنٹس منجمد کیوں نہیں کرائے گئے، کیا آپ کو قانون کا پتا نہیں ہے،ملزمان کی گرفتاری میں رکاوٹ بننے والوں کے خلاف کیا ایکشن لیا گیا، ملزمان کی گرفتاری کے لیے کیا اقدامات کیے گئے۔ ایڈیشنل آئی جی سندھ نے عدالت کو بتایا کہ پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئیں، انکوائری جاری ہے۔عدالت میں سماعت کے دوران ملزم کے والد سکندر جتوئی کے نجی ٹی وی کو انٹرویو کی فوٹیج بھی دکھائی گئی۔

مزید خبریں :