07 اگست ، 2023
سانگھڑ : فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلوے علی محمد آفریدی کا کہنا ہے کہ ہزارہ ایکسپریس ٹرین حادثے میں اپ ٹریک 300 سے 400 فٹ متاثر ہوا ہے۔
سانگھڑ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران علی محمد آفریدی نے کہا کہ حادثے کے بعد ڈاؤن ٹریک سے 2 سے 3 ٹرینیں گزارچکے ہیں، ڈیمیج سلیپر آجائیں گی تو 4 ،5 گھنٹے کا کام ہے، اپ ٹریک 300 سے 400 فٹ متاثر ہوا ہے جس کی بحالی کے لیے کام کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹریک، کوچز اور لوکو موٹو دیکھ رہے ہیں، ٹریک پر نظر آنے والے نشان نٹ بولٹ اور وہیل فلینج کے ہوتے ہیں جو نشان سامنے آرہے ہیں وہ وہیل فلینج کے ہیں، آج سائٹ انسپکشن ہے، 4، 5 دن بعد انکوائری کریں گے، سب کےبیانات لیں گے پھر اس کاجائزہ لیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز نوابشاہ کے قریب کراچی سے حویلیاں جانے والی ہزارہ ایکسپریس کی کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں جس کے نتیجے میں کم از کم 30 جاں بحق جب کہ 80 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
نواب شاہ کے قریب ایک بج کر 15 منٹ پر ہونے والے حادثے کا شکار ٹرین سے مجموعی طورپر 19 بوگیاں منسلک تھیں جس میں سے 10 حادثے کا شکار ہوئی تھیں۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال حادثے کی وجوہات کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا ہے جب کہ ٹرین میں موجود مسافروں نے کہا کہ ہزارہ ایکسپریس میں بہت زیادہ مسافر سوار تھے اور ٹرین کا حادثہ اس قدر اچانک ہوا کہ سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملا۔