Time 09 اگست ، 2023
پاکستان

چہلم امام حسینؓ پر کربلا کیلئے پاکستانی زائرین کا کوٹہ ایک لاکھ مقرر

پاکستانی مسافروں کیلئے عراق میں صرف ایک ہی ائیرپورٹ پر آمد اور روانگی کی شرط ختم کردی گئی ہے: وزارت داخلہ — فوٹو: فائل
پاکستانی مسافروں کیلئے عراق میں صرف ایک ہی ائیرپورٹ پر آمد اور روانگی کی شرط ختم کردی گئی ہے: وزارت داخلہ — فوٹو: فائل

وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ عراقی حکومت کی جانب سے چہلم امام حسینؓ (اربعین) کے دوران پاکستانی زائرین کیلئے 1 لاکھ کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ عراقی حکومت کی جانب سے اربعین کے دوران زائرین کو بغیر کسی فیس کے 30 دن کیلئے ویزا جاری کیا جائے گا جبکہ پاکستانی سرمایہ کاروں کیلئے الیکٹرانک ویزا کا اجرا بھی کیا جائے گا۔

وزارت داخلہ کے مطابق پاکستانی مسافروں کی بغداد اور النجف انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے ذریعے انٹری ہوگی جبکہ زمینی راستے سے پاکستانی زائرین الشیب پورٹ سے عراق میں داخل ہو سکیں گے۔

وزارت داخلہ نے بتایا کہ عراقی حکومت کی جانب سے پاکستانی مسافروں کیلئے عراق میں صرف ایک ہی ائیرپورٹ پر آمد اور روانگی کی شرط ختم کردی گئی ہے۔

وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ اربعین کے دوران زائرین سے زائد رقم لینے کی صورت میں ٹور آپریٹرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ عراق کے دورے پر تھے جہاں انہوں نے عراقی رہنماؤں اور حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔

مزید خبریں :