05 جنوری ، 2013
کراچی … کراچی میں انسداد پولیو مہم 7 جنوری سے شروع ہو رہی ہے، اس دوران 5 لا کھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انسداد پولیو مہم کا آغاز ڈسٹرکٹ سینٹرل سے کیا جائے گا۔ مہم میں 357 ٹیمیں کام کریں گی جنہیں 200 سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی فراہم کریں گے، ہر فکسڈ اور موبائل سائٹ پر پولیس اور رینجرز کا فوکل پرسن بھی تعینات کیا جائیگا۔ ڈسٹرکٹ ساوٴتھ میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 8 جنوری سے ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر جمال قاضی کا کہنا ہے کہ جب تک سیکیورٹی ادارے تحفظ فراہم نہیں کرتے اس وقت تک انسداد پولیو مہم چلانا ممکن نہیں۔ ڈسٹرکٹ ویسٹ میں انسداد پولیو مہم 16 جنوری سے شروع کی جائے گی۔ گزشتہ سال کراچی میں 18 دسمبر کو نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 4 خواتین پولیو ورکز جاں بحق ہوگئی تھیں۔