13 اگست ، 2023
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر رعنا انصار کے درمیان ہونے والی دوسری ملاقات میں بھی صوبے کے نگران وزیراعلیٰ کا فیصلہ نہ ہو سکا۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی رعنا انصار کا کہنا تھا آج ہماری دوسری ملاقات تھی، کوشش ہے کہ ایسا نام سامنے آئے جو سندھ کے عوام کے لیے کام کر سکے۔
رعنا انصار کا کہنا تھا نگران وزیراعلیٰ کے لیے درجنوں نام تھے، ناموں پر مشاورت کے لیے وقت درکار ہے، وزیر اعلیٰ سندھ نے جو نام دیے ہیں اس پر مشاورت کریں گے، جی ڈی اے کی جانب سے بھی نگران وزیراعلیٰ کے لیے نام ہیں، کوشش ہو گی کہ کسی ایک نام پر اتفاق ہو جائے۔
رعنا انصار کا کہنا تھا ہماری لیڈر شپ مشاورت کے بعد کل نام دے گی، جو نام لیڈر شپ ہمیں دے گی وہ ہم کل پیش کریں گے، کل وزیر اعلیٰ سندھ کے ساتھ دوبارہ ملاقات ہو گی اور امید ہے کل نام فائنل ہو جائے گا۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کا کہنا تھا نگران وزیراعلیٰ کے لیے جو بھی نام ہیں سب قابل احترام ہیں، جتنے یہاں مائیک لگے ہیں اتنے نام دیے گئے ہیں، اگر کسی نام پر اتفاق نہیں ہوا تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جائے گا۔