گجر نالہ متاثرین: سپریم کورٹ کا معاوضےکی بقیہ رقم ایک ماہ میں ادا کرنےکا حکم

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نےکراچی کے برساتی نالوں کی توسیع کے دوران  بےگھر  ہونے والوں کو معاوضےکی بقیہ رقم ایک ماہ میں ادا کرنےکی ہدایت کردی۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں گجر نالہ سمیت دیگر نالہ متاثرین کی بحالی اور  معاوضے کی عدم ادائیگی پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، میئر کراچی مرتضٰی وہاب اور متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔

مراد علی شاہ نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے اور ماہانہ رپورٹ پیش نہ کرنے پر عدالت سے معذرت کرلی اور  بتایا کہ انہوں نے متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کی اس وقت کی وفاقی حکومت نے متاثرین کے لیے 36 ارب روپے دینےکا کہا تھا مگر بعد میں یوٹرن لے لیا۔

عدالت نے مرتضٰی وہاب کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ  آپ میئر کراچی ہیں، متاثرین کا مسئلہ حل کرنا آپ کی ذمہ داری ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل نے مراد علی شاہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کرنے کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا اور  ریمارکس دیےکہ  ابھی ختم نہیں کررہے کیونکہ بعد میں عمل درآمد نہ ہوا تو پھر کیا ہوگا؟ یہ سیاسی آدمی ہیں انہیں شہرت ملے گی۔

چیف سیکرٹری سندھ نے عدالت کو تجویز دی کہ متاثرین کو 80 گز کا پلاٹ اور کنسٹرکشن کے پیسے یا پھر صرف 10 لاکھ روپے دے دیے جائیں۔

عدالت نے کمشنر کراچی کے ذریعے متاثرین کو 90،90 ہزار روپے کے چیکس ایک ماہ میں ادا کرنے کا حکم دے دیا اور متاثرین کی بحالی سے متعلق اقدامات کی رپورٹ طلب کرلی۔

مزید خبریں :