ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ ویریفائیڈ کرانا چاہتے ہیں؟ اب یہ عمل کچھ مشکل ہو جائے گا

ایک رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی / اے ایف پی فوٹو
ایک رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی / اے ایف پی فوٹو

ایکس جسے پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا، کی جانب سے اکاؤنٹ ویریفائیڈ کرانے کے عمل کو ایک بار پھر تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ معروف افراد کی نقل پر بنائے جانے والے اکاؤنٹس کی روک تھام ہوسکے۔

ایلون مسک نے اکتوبر 2022 میں ایکس کو خریدنے کے بعد اکاؤنٹس کو ویریفائیڈ کرنے کا عمل سبسکرپشن سے مشروط کر دیا تھا۔

یعنی صارف ماہانہ فیس ادا کرکے اپنے اکاؤنٹ پر بلیو ٹِک حاصل کر سکتا ہے، مگر اب اس طریقہ کار کو مزید تبدیل کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایکس کی جانب سے اکاؤنٹ کو ویریفائیڈ کرانے کے لیے ماہانہ سبسکرپشن کے ساتھ ساتھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ شناختی کارڈ کی کاپی اور ایک سیلفی کی شرط بھی عائد کی جانے والی ہے۔

ایکس پر موجود ایک ایپ ریسرچر نے بتایا کہ ایلون مسک کے زیرملکیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اکاؤنٹ ویریفائیڈ کرانے کے لیے صارفین سے ان کی شناخت کی تصدیق کرائی جائے گی جس کے لیے سیلفی اور شناختی کارڈ کی نقل درکار ہوگی۔

ایپ ریسرچر کی پوسٹ میں اس عمل کا ایک اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا گیا جس کے مطابق یہ پراسیس 5 منٹ میں مکمل ہوگا۔

اسکرین شاٹ سے عندیہ ملتا ہے کہ اس مقصد کے لیے ایکس کی جانب سے ایک تھرڈ پارٹی آئیڈنٹی انٹیلی جنس کمپنی کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

ایکس کی جانب سے صارف کی شناختی کارڈ کی تصویر اور بائیو میٹرک ڈیٹا کو 30 دن تک سرورز پر محفوظ رکھا جائے گا اور ان تفصیلات کو سکیورٹی اور لوگوں کی نقل کی روک تھام کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

اس ڈیٹا کو تھرڈ پارٹی کمپنی سے شیئر کیا جائے گا تاکہ وہ صارف کی شناخت کی تصدیق کر سکے۔

خیال رہے کہ دسمبر 2022 میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے ٹوئٹر بلیو (اب اسے ایکس پریمیم کا نام دیا گیا ہے) نامی سبسکرپشن پروگرام متعارف کرایا تھا تاکہ صارف ماہانہ فیس ادا کرکے اکاؤنٹ ویریفائیڈ کراسکیں جبکہ انہیں دیگر اہم فیچرز تک خصوصی رسائی بھی فراہم کی جاتی ہے۔

اس سبسکرپشن پروگرام کی ماہانہ فیس 8 ڈالرز (پاکستان میں 2250 روپے) ہے۔

مگر اس پروگرام کے باعث سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جعلی اور لوگوں کی نقل پر مبنی مصدقہ اکاؤنٹس کی بھرمار ہوگئی ہے۔