21 اگست ، 2023
سپریم کورٹ میں سانحہ جڑانوالا سے متعلق کل ہونے والی سماعت ملتوی کردی گئی۔
سپریم کورٹ نے سانحہ جڑانوالا سے متعلق متفرق درخواست سماعت کیلئے کل مقرر کی تھی، چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کرنا تھی۔
بینچ میں جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس شاہد وحید بھی شامل تھے۔
سانحہ جڑانوالا کیس ہیومن رائٹس سیل کو پولیس رپورٹ نہ ملنے کے باعث ملتوی کیا گیا۔
درخواست گزار سیموئل پیارے کے مطابق مجھے سپریم کورٹ آفس نے بتایا کیس کل سماعت کیلئے مقرر ہے لیکن دوبارہ سپریم کورٹ نے آگاہ کیا ابھی واقعے پر ہیومن رائٹس سیل کورپورٹ نہیں ملی۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ دفتر نے بتایا رپورٹ نہ ملنے کے باعث کل سماعت نہیں ہوسکے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں جڑانوالا میں توہینِ مذہب کے مبینہ واقعے کے خلاف احتجاج کرنے والے مشتعل افراد نے کرسچن کالونی اور عیسیٰ نگری میں گرجا گھروں، مسیحی برادری کے درجنوں مکان، گاڑیاں اور مال و اسباب جلا دیے تھے۔
رپورٹس کے مطابق جلاؤ گھیراؤ کے واقعات میں 19 چرچ جلائے گئے، پُرتشدد مظاہروں میں 86 مکانات کو توڑ پھوڑ کے بعد جلایا گیا۔
دوسری جانب جڑانوالا میں قرآن پاک کی مبینہ بےحرمتی کے الزام میں گرفتار دونوں ملزمان 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔