Time 23 اگست ، 2023
انٹرٹینمنٹ

سوشل میڈیا پر مسلسل ٹرولنگ سے ذہنی صحت متاثر ہوتی ہے: اداکار علی رحمان

جیو ڈیجیٹل کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں اداکار علی رحمان نے ٹی وی اسکرین پر مختلف کہانیوں کے بڑھتے رحجان پر گفتگو کی/ فائل فوٹو
جیو ڈیجیٹل کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں اداکار علی رحمان نے ٹی وی اسکرین پر مختلف کہانیوں کے بڑھتے رحجان پر گفتگو کی/ فائل فوٹو

پاکستانی اداکار علی رحمان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر مسلسل ٹرولنگ سے ذہنی صحت متاثر ہوتی ہے۔

جیو ڈیجیٹل کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں اداکار علی رحمان نے ٹی وی اسکرین پر مختلف کہانیوں کے بڑھتے رحجان پر گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ گھریلو کہانیوں کے درمیان جب کوئی الگ کہانی آتی ہے تو ناظرین اسے دیکھنا پسند کرتے ہیں، یہ کہنا بلکل غلط ہے کہ لوگ ایسی کہانیاں نہیں دیکھیں گے، یہ ٹیلی ویژن کی کہانیوں میں جدت کا دور ہے ابھی تو ہمیں اور مختلف کہانیاں دیکھنے کو ملیں گی۔

اداکار نے مستقبل کے پروجیکٹس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی ہر پل جیو کے ڈرامے ’منت مراد‘ میں نظر آئیں گے جس کے ہدایتکار وجاہت حسین ہیں اور جلد ہی ان کی ایک کامیڈی فلم بھی آنے والی ہے جس میں وہ ایک ولن کے منفی کردار میں دکھائی دیں گے۔

اس سوال پر کہ اکثر اداکار سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں رہتے ہیں، پاکستان میں بیوٹی اسٹینڈرز کو برقرار رکھنے کی جدوجہد ان کی ذہنی صحت پر کس طرح اثر انداز ہوتی ہے ؟ 

اس پر علی رحمان نے جواب دیا کہ’ہم نے خوبصورتی کے پیمانے مقرر کر رکھے ہیں جب کہ حقیقی خوبصورتی تو انسان کے اندر ہوتی ہے، سوشل میڈیا ٹرولنگ ہر شخص کی ذہنی صحت پر اثر انداز ہوتی ہے، کسی کی تعریف کریں گے یا برائی کریں گے تو لازماً اس کا اثر ہوگا، اسی طرح لوگوں کی کہی باتوں کا بہت اثر پڑتا ہے، سوشل میڈیا پر مسلسل فیڈ بیک ملتا ہے، بہتر ہے کہ انسان کی شخصیت کی تعریف کریں ناں کہ اس کی ظاہری شکل و صورت پر تنقید کرنا شروع کردیں۔

علی رحمان نے حال ہی میں ایک خواجہ سرا کا کردار بھی نبھایا ہے، اداکار نے اس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جب سے انہوں نے یہ کردار کیا ہے ان کے دل میں خواجہ سراؤں کے لیے عزت اور بڑھ گئی ہے کیونکہ ہر روز ایک ایسے معاشرے میں باہر نکلنا جہاں ہر دوسرا شخص آپ کا مزاق اڑاتا ہے، جملے کستا ہے بڑی بہادری کی بات ہے۔

دوران انٹرویو جب اداکار سے پوچھا گیا کہ انہیں سب سے زیادہ کس چیز پر تعریفیں سننے کو ملتی ہیں؟ تو انہوں نے کہا کہ اکثر لوگ ان کی آنکھوں کی تعریف کرتے ہیں۔

علی رحمان کئی ڈراموں میں اداکاری کرچکے ہیں جب کہ سال 2022 میں وہ جیو فلمز کے بینر تلے ریلیز ہونے والی فلم ’پردے میں رہنے دو‘ میں ہانیہ عامر کے ساتھ نظر آئے تھے۔

مزید خبریں :