جرائم

لیاری کے حالیہ جرائم میں سرگرمی کا الزام، سنگھار کا نام ریڈ بک میں شامل

فوٹو: سندھ پولیس کے کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ
فوٹو: سندھ پولیس کے کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ

کراچی کے قدیم علاقے لیاری میں ایک بار پھر ابھرتی ہوئی مجرمانہ سرگرمیوں میں متحرک ہونے کے الزام میں بلوچستان لبریشن فرنٹ کے مبینہ رکن سنگھار کا نام ریڈ بک میں شامل کر لیا گیا ہے۔

 سکیورٹی ذرائع کے مطابق لیاری کے معروف فٹبالر عبدالرشید ذکری کا بیٹا علی حسن عرف سنگھار قوم پرستی کی بے راہ روی کا شکار ہوا۔ 

علی حسن عرف سنگھار پر انتہا پسندانہ سرگرمیوں اور دہشت گردی میں انتہائی متحرک کردار ادا کرنے کا الزام ہے۔

سندھ پولیس کے کاؤنٹر ٹیرارزم ڈپارٹمنٹ کی ریڈ بک کے نئے ایڈیشن میں علی حسن عرف سنگھار کا نام، تصویر اور دیگر تفصیلات 113 صفحہ پر شائع کی گئی ہیں۔ 

سی ٹی ڈی کی جاری تفصیلات کے مطابق سنگھار افغانستان اور ایران سے کراچی میں دہشت گردی کی کارروائیوں کیلئے اپنا گروپ چلا رہا ہے۔ ریڈ بک میں وارداتوں یا مقدمات کی تفصیلات تو شامل نہیں کی گئیں لیکن بتایا گیا ہے کہ ملزم کراچی اور بلوچستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں مطلوب ہے۔ 

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ملزم ان دنوں ایران میں ہے تاہم لیاری میں اس کے گروہ کے لڑکے بھتہ اور دیگر جرائم میں ملوث پائے گئے ہیں۔

مزید خبریں :