23 فروری ، 2012
اسلام آباد … امریکی کانگریس کے نمائندگان نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات میں واضح کیاہے کہ بلوچستان پر قرارداد ایک فرد نے ذیلی کمیٹی میں دائر کی، ری پبلیکنز، ڈیموکریٹس اور امریکی حکومت بلوچستان پر قرارداد کے مخالف ہیں۔ وزیراعظم ہاوٴس اسلام آباد میں وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے کانگریس مین ڈیوڈ ڈرائر کی سربراہی میں امریکی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کانگریس مین ڈیوڈ ڈرائر نے وزیراعظم گیلانی سے گفتگو میں کہا کہ امریکا پاکستان کی سیکیورٹی اور علاقائی خودمختاری کی حمایت کرتا ہے۔ کانگریس مین ڈیوڈ ڈرائر کا کہناتھا کہ بلوچستان پر قرارداد ایک فرد نے ذیلی کمیٹی میں دائر کی، ری پبلیکنز، ڈیموکریٹس اور امریکی حکومت بلوچستان پر قرارداد کے مخالف ہیں۔ وزیراعظم گیلانی کا کہناتھاکہ پاکستان امریکا کے ساتھ برابری اور مکمل اعتمادی سازی کے تعلقات چاہتاہے۔