Time 29 اگست ، 2023
پاکستان

الیکشن کمیشن کا مشاورتی اجلاس، پی پی پی نے 90 دن میں انتخابات کا مطالبہ دہرا دیا

جتنا جلد ممکن ہو سکے گا، حلقہ بندیاں کر لیں گے جس کے فوری بعد الیکشن کرائیں گے: الیکشن کمشنر کی یقین دہانی— فوٹو: اسکرین گریب
جتنا جلد ممکن ہو سکے گا، حلقہ بندیاں کر لیں گے جس کے فوری بعد الیکشن کرائیں گے: الیکشن کمشنر کی یقین دہانی— فوٹو: اسکرین گریب

چیف الیکشن کمشنرکی سیاسی پارٹیوں کے ساتھ عام انتخابات سے متعلق مشاورت کے سلسلے میں پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز (پی پی پی) کے وفد سے ملاقات، جلد حلقہ بندیوں کا کام مکمل کروانے کی یقین دہانی کروادی۔

چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے وفد نے جلد از جلد حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔

پیپلز پارٹی کے وفد نے الیکشن کمیشن سے  حلقہ بندیوں کے عمل کی تکمیل کے ساتھ ساتھ 90 دن میں انتخابات یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔

پی پی پی کے وفد نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ عام انتخابات کی تاریخ اور حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کیا جائے اور جتنی جلد ممکن ہو حلقہ بندی کرلیں۔

اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے پی پی پی وفد کو یقین دہانی کروائی کہ جتنا جلد ممکن ہو سکے گا، حلقہ بندیاں کر لیں گے جس کے فوری بعد الیکشن کرائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پارٹی رہنما شیری رحمان کا کہنا تھا کہ آئين کے تحت 90 دن میں انتخابات ہونا ہیں، اس سے آگے گئے تو آئینی بحران پیدا ہوجائے گا۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ مرکزی مجلس عاملہ کی رائے ہے کہ الیکشن میں تاخیر کی گنجائش نہیں ہے، آئين میں تبدیلی نگران حکومت کی صوابدید نہیں، نہ ہی اس کے پاس قوانین میں تبدیلی کا مینڈیٹ ہے۔

پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سے ملاقات کے بعد سی ای سی کا اجلاس دوبارہ بلایا جائے گا۔

مزید خبریں :