01 ستمبر ، 2023
لاہور: انسداد دہشتگردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ اورتوڑ پھوڑ کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 9 ستمبر تک توسیع کردی۔
انسداد دہشتگردی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ اور تھوڑ پھوڑ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں پولیس نے اعجاز چوہدری کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔
دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت سے جناح ہاؤس حملہ کیس کا چالان تیار کرنے کیلئے مہلت مانگی اور کہا کہ چالان تیاری کے مراحل میں ہے۔
تفتیشی افسر نے ملزم کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے اعجاز چوہدری کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 9 ستمبر تک توسیع کردی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل عدالت نے 24 جولائی جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر اعجاز چوہدری کو مزید 14 روز کے ریمانڈ پر جیل بھیجا تھا۔
عدالت نے 23 اگست کو ایک بار پھر اعجاز چوہدری کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 روز کی توسیع کی تھی۔
اعجاز چوہدری کے خلاف تھانہ شادمان میں مقدمہ درج ہے، انہیں 11 مئی کو گلگت بلتستان ہاؤس سے 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔