06 ستمبر ، 2023
رواں سال بھارت میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے میچز اسٹیڈیم میں دیکھنے کے خواہشمند شائقین کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔
آئی سی سی نے ورلڈ کپ 2023 کیلئے دوسرے مرحلے میں اضافی ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان کر دیا۔
آئی سی سی کے مطابق اب دوسرے مرحلے میں 4 لاکھ اضافی ٹکٹ فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے، ٹکٹوں کی مانگ میں اضافے کے بعد مزید ٹکٹوں کو فروخت کے لیے پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
آئی سی سی نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی بورڈ نے یہ فیصلہ میزبان ایسوسی ایشن سے مشاورت کے بعد کیا، ٹکٹوں کی جنرل فروخت 8 ستمبر سے شروع ہوگی۔
اضافی ٹکٹوں کی دستیابی سے زیادہ شائقین ورلڈ کپ سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کا آغاز 5 اکتوبر سے بھارت میں ہوگا۔