08 ستمبر ، 2023
ایشیاکپ کے سپر فور مرحلے میں بارش کی صورت میں پاک بھارت میچ کیلئے ریزرو ڈے رکھنے پر بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے وضاحتی بیان جاری کر دیا۔
سری لنکا میں شدید بارشیں جاری ہیں اور سری لنکا کے محکمہ موسمیات نے آئندہ کچھ روز تک مزید بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے، اتوار کو ہونے والے پاک بھارت میچ میں بھی بارش کا امکان ہے جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل بھی بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
جمعہ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوشش رنگ لے آئیں اور ایشین کرکٹ کونسل( اے سی سی) نے پاکستان اور بھارت کے درمیان اتوار کو ہونے والے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے میچ کے ریزرو ڈے کے لیے ہاں کر دی۔
پاکستان نے بارش کی پیشگوئی اور ایونٹ کی ری شیڈولنگ کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا اور اب پی سی بی کے تحفظات اور اعتراضات کے بعد اے سی سی نے ریزرو ڈے کا فیصلہ کیا ہے۔
تاہم بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے لیے بارش کی صورت میں ریزرو ڈے (اضافی دن) رکھنے پر بنگلادیش اور سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کوچز نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔
پاک بھارت میچ سے قبل ہفتے کو سری لنکا اور بنگلادیش نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں آمنے سامنے ہونا ہے اور اگر اس میچ میں بارش ہوگئی تو اس حوالے سے کوئی ریزرو ڈے نہیں رکھا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سری لنکا کے ہیڈ کوچ کرس سلور ووڈ اور بنگلا دیش کے ہیڈ کوچ چندیکا ہتھورو سنگھا ایشیا کپ میں صرف بھارت اور پاکستان کے سپر فور مرحلے کے میچ کے لیے ریزرو ڈے رکھنے کے ایشین کرکٹ کونسل کے فیصلے سے بالکل خوش نہیں ہیں۔
بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے جمعہ کو پری میچ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایشیا کپ کی ٹیکنیکل کمیٹی ایونٹ میں شریک تمام ممالک کی نمائندگی کرتی ہے، یہ فیصلہ کسی اور وجہ سے کیا گیا ہوگا۔
بنگلادیشی کوچ نے امکان ظاہر کیا کہ ہم سے اس فیصلے کے بارے میں کوئی مشاورت نہیں کی گئی،ہم بھی چاہیں گے کہ بارش کی صورت میں ہمیں بھی ریزرو ڈے ملے۔
تاہم اب پاک بھارت میچ کیلئے ریزرو ڈے رکھنے پر بنگلادیشی بورڈ نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے 'پاکستان انڈیا میچ کے لیے ریزرو ڈے کا فیصلہ تمام ٹیموں اور اے سی سی کی رضامندی سے کیا گیا ہے'۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے کہا کہ ایشیا کپ کی پلیئنگ کنڈیشنز کو از سر نو مؤثر بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ میں 10 ستمبر کو ہونے والا میچ بارش کی وجہ سے مکمل نہیں ہوتا تو یہ میچ 11 ستمبر کو جاری رہے گا، میچ وہیں سے شروع ہوگا جہاں پر روکا گیا تھا۔
اگر میچ ریزرو ڈے پر جاتا ہے تو پھر بھارت کو بیک ٹو بیک میچ کھیلنا ہوں گے کیونکہ بھارت اور سری لنکا کا میچ 12 ستمبر کو شیڈول ہے۔
اگر پاکستان اور بھارت کا میچ بارش کے باعث 11 ستمبر کو بھی نہیں ہوتا اور سری لنکا اور بھارت کا 12 ستمبر کو شیڈول میچ بھی بارش کے باعث واش آؤٹ ہو جاتا ہے تو اس صورت میں پاکستان براہ راست فائنل میں پہنچ جائے گا اور دوسری فائنلسٹ ٹیم کا چناؤ ٹاس پر ہو گا۔
اس کے علاوہ ایشیا کپ کا 17 ستمبر کو ہونے والا فائنل بھی بارش کے باعث متاثر ہونے کی صورت میں دونوں فائنلسٹ ٹیمیں مشترکہ فاتح قرار پائیں گی۔