Time 09 ستمبر ، 2023
پاکستان

کے پی میں دہشتگردی کیخلاف ملنے والے فنڈز کے اخراجات کی تفصیلات سامنے آگئیں

خیبرپختونخوا کو دہشتگری کے خلاف جنگ کی مد 2010 سے لے کر اب تک 415 ارب 50 کروڑ روپے کے فنڈز ملے: دستاویز/ فائل فوٹو
خیبرپختونخوا کو دہشتگری کے خلاف جنگ کی مد 2010 سے لے کر اب تک 415 ارب 50 کروڑ روپے کے فنڈز ملے: دستاویز/ فائل فوٹو

پشاور: جیو نیوز نے خیبرپختونخوا کو دہشتگری کے خلاف جنگ کی مد میں ملنے والے فنڈز اور ان کے اخراجات کی تفصیلات حاصل کرلیں۔

دستاویز کے مطابق خیبرپختونخوا کو دہشتگری کے خلاف جنگ کی مد میں 2010 سے لے کر اب تک 415 ارب  50 کروڑ روپے کے فنڈز ملے جو دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں میں استعمال کیے گئے۔

دستاویز کے مطابق فنڈز تباہ شدہ سڑکوں، پلوں، اسکولوں اورپولیس اسٹیشنز کی تعمیر نوپرخرچ کیےگئے جب کہ 90 ارب 80 کروڑ روپے نان سیلری بجٹ کی مد میں اور 15 ارب 92 کروڑ روپے جانی نقصانات کے ازالے کی مد میں دیے گئے۔

دستاویز  میں بتایا گیا ہےکہ ایک ارب 70 کروڑ روپے انسداد دہشتگردی کی عدالتوں پرخرچ ہوئے، 17 ارب 20 کروڑ روپے سکیورٹی الاؤنسز اور 33 ارب 88 کروڑ روپے سکیورٹی سے متعلق منصوبوں پر خرچ کیےگئے۔

دستاویز میں مزید بتایا گیا ہےکہ خیبرپختونخوا کو دہشتگردی کےخلاف جنگ کی مد میں سالانہ قابل تقسیم محاصل کا ایک فیصد ملتا ہے۔

واضح رہےکہ سابق وزیراعظم شہباز شریف نے 415 ارب روپے فنڈز کا اسپیشل آڈٹ کرانےکا حکم دیا تھا جس کیلئے محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے فنڈز کا خصوصی آڈٹ کرانےکیلئے وفاقی حکومت کو خط لکھا تھا۔

مزید خبریں :