08 جنوری ، 2013
اسلام آباد…قومی سلامتی کمیٹی نے لاپتہ افراد سے متعلق 15 سفارشات کی منظوری دے دی۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹررضاربانی کاکہناہے کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کا کردار قانون کے مطابق اور پارلیمنٹ کی نگرانی میں ہو گا۔ اسلام آباد میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفت گو میں چیئرمین کمیٹی رضا ربانی کا کہنا تھا کہ سفارشات کے مطابق کسی بھی شہری کی گرفتاری آئین کے آرٹیکل 10 کے مطابق کی جائیگی، ، لاپتہ افراد سے متعلق سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز سے خصوصی بنچ تشکیل دینے کی درخواست کی جائے گی اور قومی سطح پر انسانی حقوق کمیشن تشکیل دیا جائے گا۔ رضا ربانی کا کہنا تھا کہ سینٹ فنکشنل کمیٹی کی سفارشات کے تحت جیل اصلاحات کی جائیں گی ، انسداد دہشت گردی کے تحت گرفتار ہونے والے شخص کو 24 گھنٹوں کے اندر کیسز سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔