08 جنوری ، 2013
کراچی…کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں دو گروپوں کے درمیان4گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔پولیس اور رینجرز نے آٹھ ملزمان کو حراست میں لیکربھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا۔کراچی کے علاقے گلستان جوہرکا ایک رہائشی پروجیکٹ اس وقت میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا جب ایک سیاسی جماعت کے دو گروپوں میں شدید فائرنگ کاسلسلہ شروع ہوا۔آمنے سامنے فائرنگ کے باعث دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہوگئے جبکہ علاقہ مکین گھروں میں محصورہوگئے۔پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے صورتحال پر قابو پایا اورمحاصرے کے بعد دونوں گروپوں کے آٹھ ملزمان کو حراست میں لے لیا جن میں سے ایک ملزم زخمی بتایا جاتا ہے۔ایس ایس پی شارع فیصل زاہد حسین شاہ کے مطابق ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔