12 ستمبر ، 2023
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو اٹک جیل میں کھانے کے لیے دیسی چکن دینے کے لیے ان کے اکاؤنٹ میں 79ہزار روپے جمع کروائے گئے ہیں۔
معتبر ذرائع نے ’جنگ‘ کو بتایا جیل میں بطور قیدی عمران خان کے اکاؤنٹ میں پہلے 50 ہزار اور دوسری مرتبہ 29 ہزار روپے جمع کروائے گئے، یہ رقم چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا کی جانب سے جمع کروائی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جیل حکام نے کچھ روز قبل عمران خان کے ساتھ کھانے کا مینیو طے کیا تھا۔
چئیرمین پی ٹی آئی سے کہا کہ انہیں صبح ناشتے میں دو انڈے، روٹی اور ان کے ساتھ دہی لازمی دیا جائے، دوپہر اور رات کے وقت روٹی کے ساتھ مختلف دالیں اور سبزیاں ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ عمران خان نے کہہ رکھا ہے کہ کھانے میں دیسی چکن انہیں اس دن دیا جائے جس دن وہ اسکا کہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ قیدیوں کے لیے جیل مینیو میں ہفتے میں 4دن چکن ہوتا ہےلیکن پی ٹی آئی چیئرمین نے برائلر چکن دینے سے منع کر رکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کو پچھلے 15روز میں کھانے میں دو مرتبہ دیسی چکن دیا گیا ہے جس پر 8 ہزار سے زائد خرچ ہوئے جو ان کے اکاؤنٹ سے کاٹے گئے ہیں۔
نوٹ: یہ خبر 12 ستمبر 2023 کے روزنامہ جنگ میں شائع ہوئی