Time 13 ستمبر ، 2023
پاکستان

جے آئی وفد کی نگران وزیراعلیٰ سے ملاقات، بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات نہ ملنے کا شکوہ

پیپلزپارٹی منتخب بلدیاتی نمائندوں کے بجائے اختیارات منظور نظر سرکاری افسران کے حوالے کرگئی ہے، جس سے عوامی مسائل حل نہیں ہورہے:حافظ نعیم الرحمان— فوٹو: فائل
پیپلزپارٹی منتخب بلدیاتی نمائندوں کے بجائے اختیارات منظور نظر سرکاری افسران کے حوالے کرگئی ہے، جس سے عوامی مسائل حل نہیں ہورہے:حافظ نعیم الرحمان— فوٹو: فائل

حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں جماعت اسلامی (جے آئی) کراچی کے وفد نے سندھ کے نگران وزیراعلیٰ جسٹس مقبول باقر سے ملاقات میں بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات منتقل نہ ہونے اور کنڈا مافیا کے ساتھ کے الیکٹرک کے گٹھ جوڑ کی شکایت کردی۔

نگران وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کی منتقلی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی منتخب بلدیاتی نمائندوں کے بجائے اختیارات منظور نظر سرکاری افسران کے حوالے کرگئی ہے، جس سے عوامی مسائل حل نہیں ہورہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ کو بتایا کہ کے الیکٹرک نے شہریوں کی زندگی مشکل کردی ہے، کنڈا سسٹم میں کے الیکٹرک خود ملوث ہے، سرجانی ٹاؤن میں کے الیکٹرک کی 30 پی ایم ٹیز میں کنڈا سسٹم چل رہا ہے۔

حافظ نعیم نے وزیر اعلیٰ پر زور دیا کہ نگران حکومت عام انتخابات کیلئے غیر جانب دار افسران کا تقرر کرے ۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کے ترجمان مطابق ملاقات میں نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائر مقبول باقر نے جماعت اسلامی کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ بلدیاتی نظام کو مستحکم بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے جبکہ وہ کے الیکٹرک کو جماعت اسلامی کی شکایت اپنی ہدایت کے ساتھ ارسال کریں گے۔

مزید خبریں :