15 ستمبر ، 2023
گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ کالاباغ ڈیم نہ بنانا ایک غلطی تھی اور جنہوں نے یہ غلطی کی ہے ان کا مواخذہ ہونا چاہیے، کالا باغ ڈیم سستی توانائی اور پانی کے حصول کیلئے ناگزیر ہے۔
پاکستان توانائی نمائش اور کانفرنس میں شرکت کے دوران بات چیت کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کا کہنا تھا کہ ملکی اور غیرملکی دونوں عناصر نے رکاوٹ ڈالی اور کالا باغ ڈیم کو متنازع بنایا گیا۔
لاہور ایکسپو سینٹر میں منعقدہ نمائش میں شرکت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ سابق صدر ایوب خان نے ملک کے تین دریا بھارت کے حوالے کیے، ماضی کے غلط فیصلوں کی سزا آج عوام بھگت رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن نے قوم کو توانائی بحران سے نکالا، کالا باغ ڈیم سستی توانائی اور پانی کے حصول کیلئے ناگزیر ہے جو قدرتی طور پر بنی بنائی جھیل ہے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ توانائی کسی بھی ملک کی اہم ضرورت اور ترقی کی بنیاد ہے، توانائی نمائش کا انعقاد خوش آئند ہے، اس میں نجی سیکٹر کے آنے سے توانائی بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر پاکستان توانائی نمائش اور کانفرنس کے منتظمین اور شرکا کا کہنا تھا کہ بجلی بحران سے نکلنے کیلئے متبادل ذرائع تلاش کرنا ہوں گے،حکومت آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی کیلئے بات چیت کرے۔
لاہور ایکسپو سینٹر میں منعقدہ نمائش میں 100 سے زائد اسٹالز لگائے گئے جہاں ملکی و غیر ملکی کمپنیوں نے بھی اپنے اسٹالز لگائے ہوئے تھے۔