Time 17 ستمبر ، 2023
پاکستان

پارٹی اجلاس میں بلاول کے آصف زرداری کو ترکی بہ ترکی جواب پر شرکاء حیران

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری نے آصف زرداری کو ترکی بہ ترکی جواب دے کر اجلاس میں موجود پارٹی رہنماؤں کو حیران کردیا۔

اجلاس میں ارکان نے بعض معاملات پر پی پی قیادت پر کھل کر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ساتھ نہ دیتی تو شہباز شریف کبھی وزیراعظم نہ بنتے۔

اجلاس کے دوران ایک مرحلے پر آصف علی زرداری نے خورشید شاہ سے کہا شہباز شریف کو اپوزیشن لیڈر آپ نے بنایا تھا، اس پر بلاول بھٹو نے کہا شہباز شریف کو وزیراعظم آپ نے بنایا۔ بلاول کے برجستہ جواب پر آصف زرداری مسکرا دیے۔

سی ای سی ارکان نے کہا ن لیگ اور جے یو آئی کے رہنما احسانات کا بدلہ تنقید کر کے دے رہے ہیں۔

ارکان نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل ہوکر ہم نے گھاٹے کا سودا کیا، اب موجودہ حالات میں الیکشن کے جو نتائج آئیں گے وہ سب کے سامنے ہیں۔

سی ای سی ارکان نے وفاقی کابینہ سے متعلق شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی کابینہ کا معاملہ آصف زرداری کے سپرد کردیا۔

پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے نگران سندھ حکومت پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے خلاف کیس بنائے جا رہے ہیں۔

پی پی قیادت نے وفاقی کابینہ کا معاملہ متعلقہ فورم پر اٹھانے کی یقین دہانی کرائی اور ارکان کو الیکشن کمیشن پر بیان بازی سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی۔

مزید خبریں :