18 ستمبر ، 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور دیگر کھلاڑیوں کے حق میں سامنے آ گئے۔
ایشیا کپ میں پہلے بھارت اور پھر سری لنکا سے شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہونے پر قومی ٹیم کے کپتان اور دیگر کھلاڑیوں کو سوشل میڈیا اور میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے دو روز قبل کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن ٹیم کی ہار پر صرف کپتان کو تنقید کا نشانہ بنانا درست نہیں ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی ٹیکنیکل کمیٹی کے سربراہ مصباح الحق نے بھی ٹیم کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہماری یہی ٹیم بہتر ہے، بھارت سے شکست کی وجہ صرف کپتان نہیں ہے۔
اب لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ ہماری ٹیم ایسی نہیں ہے جس طرح وہ ہاری، ہمیں غلطیوں سے سبق سیکھنا ہو گا۔
ان کا کہنا ہے کہ کرکٹ کو سمجھنا بہت ضروری ہے، بیٹرز کے نمبرز غیر ضروری طور پر نہ تبدیل ہوں، ہر بیٹر کو پتہ ہے کہ فاسٹ بولر یا اسپنر کیا کر سکتا ہے، پلیئر کو پتہ ہونا چاہیے کہ بولر کو کیسے فیس کرنا ہے۔
جاوید میانداد نے قومی کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ پریکٹس میں ممکنہ مقابلے کے حساب سے تیاری کریں، انڈیا میں بھی وہی کرکٹ کھیلنی ہے جو دنیا میں کہیں اور کھیلتے ہیں، آپ کو ہر کنڈیشن کے مطابق خود کو تیار کرنا ہوتا ہے۔
سابق کپتان قومی ٹیم نے کہا کہ آپ پروفیشنل پلیئر ہیں، کراوڈ کا پریشر نہ لیں اور صرف گیم پر فوکس رکھیں، وکٹوں کے حساب سے اپنی اپنی تیاری کرنا ہوتی ہے۔
کپتان پر تنقید کے حوالے سے جاوید میانداد کا کہنا تھا اگر پوری ٹیم کچھ نہیں کر رہی تو کپتان پر تنقید کیا کریں، فیصلہ سازی کی مہارت تجربے کے ساتھ آتی ہے، ورلڈ کپ انڈیا میں ہو یا کہیں اور، کرکٹ تو بدل نہیں جائے گی۔