Time 20 ستمبر ، 2023
کھیل

گلوبل کرکٹ کپ: پاکستان نے نیپال کو شکست دیکر مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی

گلوبل کپ میں 40 سے زائد عمر کے کھلاڑی شرکت کررہے ہیں__فوٹو: اسکرین گریب
گلوبل کپ میں 40 سے زائد عمر کے کھلاڑی شرکت کررہے ہیں__فوٹو: اسکرین گریب

اوور 40 کرکٹ گلوبل کپ میں پاکستان نے نیپال کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے کر مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی۔

پاکستان کے 383 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپال کی پوری ٹیم 36.3 اوورز میں 134 رنز پر آؤٹ ہوگئی، یوں پاکستان نے نیپال کو 248 رنز سے ہرا دیا، یہ ایونٹ میں پاکستان کی مسلسل دوسری کامیابی ہے۔

ہدف کے تعاقب میں نیپال کے سمن اڈایا اور سنتوش بھنڈاری 26، 26 رنز بناکر نمایاں  رہے،  پاکستان کی جانب سے محمد سمیع ، عبدالقادر، حارث ایاز اور کاشف صدیق نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں  کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے نیپال کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان نے نیپال کے خلاف رنز کا انبار لگایا اور مخالف ٹیم کو جیتنے کے لیے 383 رنز کا ہدف دیا۔حسن رضا نے 154 اور امجد علی نے 108 رنز بنائے۔

پاکستان نے 45 اوورز میں 3 وکٹ پر 382 رنز بنائے ، قومی ٹیم کے کے امجد علی اور حسن رضا کے درمیان چوتھی وکٹ پر 266 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔

نیپال کے کھم بہادر ٹھاپا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اوور 40 گلوبل کرکٹ کپ میں پاکستان ویٹرنز نے یو ایس اے ویٹرنز کو دلچسپ مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔

گلوبل کپ میں 40 سے زائد عمر کے کھلاڑی شرکت کررہے ہیں ایونٹ میں پاکستان سمیت 8 ممالک کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔

پاکستان اورنیپال کی اوور 40 ٹیموں کے درمیان میچ جیو سوپر سے براہ راست نشر کیا گیا۔

مزید خبریں :