خبردار! کہیں آپکے شیمپو میں بھی یہ 5 چیزیں تو نہیں؟ نقصان جان لیں

آپ کی کوشش ہونی چاہیے کہ شیمپو یا تو ڈاکٹر کے مشورے سے خریدیں یا بغیر کیمیکل والا شیمپو لیں جو ان تمام چیزوں سے پاک ہو__فوٹو: فائل
آپ کی کوشش ہونی چاہیے کہ شیمپو یا تو ڈاکٹر کے مشورے سے خریدیں یا بغیر کیمیکل والا شیمپو لیں جو ان تمام چیزوں سے پاک ہو__فوٹو: فائل

تمام شیمپو ایک طرح سے نہیں بنائے جاتے، ان میں موجود کئی چیزیں آپ کے بالوں کو خراب کرسکتی ہیں جس کا علم بھی بہت سے افراد کو نہیں ہوتا۔

چونکہ بالوں کو صحت مند رکھنے میں شیمپو اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ضروری ہے بہت دیکھ بھال کر انتخاب کیا جائے۔

ڈرماٹولوجسٹ ہمیشہ کیمیکل سے پاک شیمپو استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں، تاکہ بالوں کا قدرتی آئل ختم نہ ہو اور بال اچھے رہیں، لیکن آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ شیمپو میں کون سی پانچ چیزیں بالوں کے لیے انتہائی نقصان دہ ہوتی ہیں۔

1) سلفیٹ

اگر آپ شیمپو خریدنے گئے ہیں اور بوتل کے پیچھے تفصیلات لازمی پڑھیں اور اگر اس شیمپو میں سلفیٹ ہے تو اسے نہ خریدیں، سلفیٹ کو عام طور پر جھاگ بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، بے شک سلفیٹ سر سے گندگی صاف کرتا ہے لیکن ساتھ ہی یہ تمام قدرتی آئل بالوں سے ختم کردیتا ہے۔

اس کے نتیجے میں بال سوکھے ہوجاتے ہیں، ہیئر فولیکلز بھی اس سے کمزور ہوجاتے ہیں جو بال جھڑنے کا باعث بنتا ہے۔

2) پیرابینز

پیرابینز آپ میں ہارمونل تبدیلیاں لاتا ہے، اسے شیمپوز یا کریمز میں اس لیے استعمال کیا جاتا ہے تاکہ یہ زیادہ سے زیادہ چل سکیں لیکن یہ بالوں کو بری طرح متاثر کرتا ہے اور بال جھڑنے کا سبب بھی بنتا ہے۔

3) فارمل ڈی ہائیڈ

اسے شیمپوز میں بیکٹیریا کی افزائش روکنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، ایسے شیمپوز کا انتخاب کریں جس میں یہ نہ ہو کیونکہ یہ بال کمزور کرنے کے ساتھ ہیر فال کا سبب بنتا ہے، اس کے علاوہ یہ خشکی کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

4) سیلیکونز

اسے اکثر شیمپوز میں اس لیے استعمال کیا جاتا ہے تاکہ یہ بالوں کو نرم و ملائم رکھیں، لیکن یہ عارضی طور پر صرف بالوں کو صحت مند اور نرم دکھاتے ہیں جب کہ بعدازاں یہ اپنا اصل اثر دکھاتے ہیں۔

5) شیمپو کی خوشبو

کوشش کریں کہ جو شیمپو خریدیں وہ تیز خوشبو سے پاک ہو، خوشبو میں کیمیکل موجود ہوسکتے ہیں جو بالوں کو بری طرح متاثر کرتے ہیں۔

درست شیمپو کا انتخاب کیسے کریں؟

آپ کی کوشش ہونی چاہیے کہ شیمپو یا تو ڈاکٹر کے مشورے سے خریدیں یا بغیر کیمیکل والا شیمپو لیں جو ان تمام چیزوں سے پاک ہو۔

مزید خبریں :