23 ستمبر ، 2023
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی گوتم گمبھیر نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کو بہترین کوالٹی والا کھلاڑی قرار دے دیا۔
حال ہی میں اسٹار اسپورٹس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں میزبان نے گوتم گمبھیر سے سوال کیا کہ آئندہ ورلڈکپ میں ان کی نظر کس کھلاڑی پر ہوگی اور ان کے مطابق کون سا کھلاڑی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتا ہے؟
میزبان نے سابق کرکٹر کو آپشنز دیے جن میں ویرات کوہلی، روہت شرما، جو روٹ، کین ولیمسن، ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ اور بابر اعظم شامل تھے۔
گمبھیر نے جواب دیا 'بابر اعظم، کیونکہ ان کے پاس وہ ہر طرح کی کوالٹی ہے جس میں وہ اس پورے ورلڈکپ میں آگ لگاسکتے ہیں، بہت کم ایسے کھلاڑی میں نے دیکھے ہیں جن کے پاس بلے بازی کا اتنا وقت ہے'۔
گوتم گمبھیر کا کہنا تھا 'میرا ماننا ہے ضرور روہت شرما، ویرات کوہلی، وارنر، جو روٹ اور کین ولیمسن ہیں لیکن بابر اعظم کے پاس الگ لیول کی کوالٹی ہے'۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کا انعقاد 5 اکتوبر سے بھارت میں ہونے جارہا ہے۔