پاکستان
10 جنوری ، 2013

بلوچستان میں مینگل حکومت کا خاتمہ میری سیاسی غلطی تھی، نواز شریف

بلوچستان میں مینگل حکومت کا خاتمہ میری سیاسی غلطی تھی، نواز شریف

لاہور … مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف نے اپنے دورِ حکومت میں بلوچستان میں مینگل حکومت کے خاتمے کو سیاسی غلطی تسلیم کرلیا، انہوں نے یہ بھی ماناکہ ان کے وزیراعلیٰ انہیں بعد میں ملتے تھے، آرمی چیف کو پہلے سیلوٹ کیا کرتے تھے۔ محمد نواز شریف لاہور میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کل جماعتی کانفرنس کے پہلے سیشن سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں اصل قیادت کا راستہ روکا گیا تو ظلم ہوگا، ہمارے مسائل کا اصل حل بھی اسی میں ہے، جسے بھی عوامی مینڈیٹ ملا، وہ اسے تسلیم کریں گے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ نائب وزیر اعظم جمہوریت کی بساط لپیٹنے والوں کا ساتھ دے رہے ہیں، یہ لوگ دوغلا پن اور اس قسم کی سیاست چھوڑ دیں، ایک طرف وہ حکومت کے اتحادی ہیں، دوسری جانب حکومت کیخلاف لانگ مارچ کے حق میں بیان دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں صرف پاکستان اور بھارت ہی ایسے ملک رہ گئے ہیں جہاں سرحدوں پر فوجی مارے جارہے ہیں، اس سلسلے کو مذکرات کے ذریعے روکنا ہو گا۔ مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال نے وہاں کے رہنے والوں کا جینا دوبھر کر دیا، کراچی کے حالات دیکھ کر سرمایہ دار دبئی جارہے ہیں، پیپلز پارٹی کی جمہوریت کیلئے قربانیاں اپنی جگہ ، وہ جمہوریت پر یقین رکھتی ہے تو اسے ڈیلیور بھی کرنا چاہئے ۔

مزید خبریں :