پاکستان
10 جنوری ، 2013

کوئٹہ: باچا خان چوک کے قریب دھماکا، 11افراد جاں بحق، 40 زخمی

کوئٹہ: باچا خان چوک کے قریب دھماکا، 11افراد جاں بحق، 40 زخمی

کوئٹہ … کوئٹہ کے علاقے باچا خان چوک پر ایف سی کی چیک پوسٹ کے قریب زور دار دھماکے میں 3 اہلکاروں اور بچے سمیت 11 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے۔ کوئٹہ کے مصروف کاروباری علاقے باچا خان چوک پر ایف سی کی چیک پوسٹ کے قریب زور دار دھماکا ہوا ہے جس کی آواز کئی کلو میٹر دور تک سنی گئیں، دھماکے سے سڑک پر گہرا گڑھا پڑ گیا جبکہ قریبی عمارتوں، دکانوں اور 10 سے زائد گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، ایف سی کی گاڑی مکمل تباہ ہوگئی۔ سی سی پی او کوئٹہ میر زبیر محمود نے دھماکے کے مقام پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے تصدیق کی کہ دھماکے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 11 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے کے وقت علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گاڑیاں اور عوام کی بھی بڑی تعداد موجود تھیں، یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ نشانہ کون تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ لوگ دھماکے کے مقام سے دور رہیں تاکہ کسی اور حادثے سے بچا جاسکے، تمام ایجنسیز اپنے اپنے طور پر تحقیقات کررہی ہیں۔ دھماکے کے زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں ایف سی اہلکار اور بچے بھی شامل ہیں۔ دھماکے کے بعد علاقے میں افراتفری پھیل گئی، لوگ اپنے پیاروں کو تلاش کررہے ہیں۔ سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، دھماکے کے مقام سے شواہد اکٹھے کئے جارہے ہیں، مزید دھماکا خیز مواد کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر بم ڈسپوزل اسکواڈ علاقے کی تلاشی لے رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں 20 سے 25 کلو گرام بارودی مواد استعمال اور ٹائم ڈیوائس کے ذریعے بلاسٹ کیا گیا، مواد گاڑی کے نیچے نصب کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :