10 جنوری ، 2013
کراچی … سندھ ہائی کورٹ نے کے ایم سی کے ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی پر سیکریٹری فنانس سندھ اور کے ایم سی کے چیف آفیسر کو 25 جنوری کو ذاتی طور پر طلب کرلیا۔ سندھ ہائی کورٹ میں کے ایم سی کے 50 ہزار ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی سے متعلق درخواست کی سماعت کے موقع پر عدالت نے چیف آفیسر کے ایم سی متانت علی خان اور سیکریٹری فنانس سندھ کو 25 جنوری کو ذاتی طور پر طلب کرلیا ہے۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے موٴقف اختیار کیا کہ کے ایم سی کے ملازمین کو 2ماہ سے تنخواہیں اور پنشن ادا نہیں کی جارہیں۔ درخواست کی سماعت کے موقعے پر کے ایم سی ملازمین، سجن یونین سمیت دیگر مزدور تنظیمو ں کے نمائندے بھی موجود تھے۔