27 ستمبر ، 2023
چھوٹے بچوں میں گالف کا شوق اور شعور اجاگر کرنے کیلئے اسلام آباد اور پشاور میں ایس جونیئر گالف لیگ کے مقابلے منعقد ہوئے جس میں 5 سے 21 سال تک کی عمر کے گالفرز نے حصہ لیا ۔
ایونٹ منتظمین کے مطابق پشاور میں ایس جی جی ایل کے مقابلوں کیلئے 28 جونیئر گالفرز نے حصہ لیا جو ایک حوصلہ افزا تعداد تھی، 6سے 10 سال کی عمر کے گالفرز کیلئے مخصوص برڈی کیٹیگری میں اسماعیل نے پہلی، محمد عمر بخاری نے دوسری اور سلطان محمد انس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ایگلز کی بوائز کیٹیگری میں زالمے امین پہلے، معیز آفتاب دوسرے اور محمد عبدل تیسرے نمبر پر رہے، 10 سے 14 سال کے گالفرز کی ایگلرز کیٹیگری میں لڑکیوں کا مقابلہ سارہ امین نے 76 کے اسکور کے ساتھ جیتا ، ماہم بخاری دوسری اور انعم بخاری تیسری پوزیشن پر رہیں۔
14 سے 18 سال کی عمر کے گالفرز کی البٹروس کیٹیگری میں عدنان بخاری 73 کے اسکور کے ساتھ پہلی، لاریب الرحمن دوسری پوزیشن پر رہے، بوائز ایلیٹ میں باسل رحمن نے پہلی پوزیشن حاصل کی ۔
اسلام آباد میں ہونیوالے ایونٹ میں 42 گالفرز شریک ہوئے، 5 سال کی ننھی گالفر رامن نے 4 ہولز پر مقابلہ کیا اور سب کی توجہ حاصل کی ۔
اسلام آباد میں 9 ہولز پر مشتمل برڈی کیٹیگری کا ایونٹ علینہ خان نے 69 کے اسکور کے ساتھ جیتا ، بوائز برڈیز میں شاہ زین بن ذیشان نے 56 کے اسکور کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔
10 سے 14 سال کے ایج گروپ میں عبداللہ خان نے 81 اسٹروکس کے ساتھ ایگلز کا بوائز ٹائٹل جیتا، گرلز ٹائٹل ذانیہ ذیشان کے نام رہا۔
البٹروس کیٹیگری میں شاہ ویز عباس نیازی سرفہرست رہے، انہوں نے 18 ہولز کا مقابلہ 75 اسٹروکس میں مکمل کیام، ارتضٰی حسین دوسرے نمبر پر رہے، گرلز البٹروس میں جاسیہ تصور پہلے اور زرمینہ خان دوسرے نمبر پر رہیں ۔
اسلام آباد میں 18 سے 21 سال کے گالفرز کی ایلیٹ کیٹیگری میں سعد رانا نے 77 کے اسکور کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی ۔