Time 28 ستمبر ، 2023
کھیل

پی سی بی پاکستانی شائقین کے بھارتی ویزوں کیلئے آئی سی سی سے بات کرے گا، نگران وزیر خارجہ

فوٹو: اے پی پی
فوٹو: اے پی پی

نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ پاکستانی شائقین کرکٹ کو آئی سی سی ورلڈکپ کیلئے بھارتی ویزے ملنے چاہئیں۔

دورہ امریکا سے واپسی پر جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیر خارجہ نے ورلڈکپ کیلئے پاکستانی شائقین کرکٹ کو بھارتی ویزے نہ ملنے کے حوالے سے بات کی۔

انہوں نے کہا کہ  آئی سی سی قوانین کے مطابق شائقین کو ویزے دینا لازم ہے، پاکستانی شائقین کرکٹ کو بھی بھارتی ویزے ملنےچاہئیں۔

نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ پی سی بی پاکستانی شائقین کے بھارتی ویزوں کیلئے آئی سی سی سے بات کرے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھی ورلڈکپ کیلئے  بھارتی ویزوں کا اجراء تاخیر سے ہوا جبکہ فینز اور صحافیوں کے لیے لیے ابھی کسی پالیسی کا اعلان نہیں کیا گیا۔

چا چا کرکٹ بھی ورلڈکپ کیلئے بھارتی ویزے کے منتظر ہیں۔--فوٹو: انٹرنیٹ
چا چا کرکٹ 'بھی ورلڈکپ کیلئے بھارتی ویزے کے منتظر ہیں۔--فوٹو: انٹرنیٹ

پاکستان کرکٹ ٹیم کو دہائیوں سے سپورٹ کرنے والے صوفی عبدالجلیل المعروف 'چا چا کرکٹ 'بھی ورلڈکپ کیلئے بھارتی ویزے کے منتظر ہیں۔

چاچا کرکٹ کا کہنا ہے کہ ابھی تک بہت مشکل درپیش آرہی ہے، پتا ہی نہیں بھارت کے ویزے کیسے لگنے ہیں، پوری دنیا سے فون آرہے ہیں کہ چاچا جی کیا آپ بھارت ورلڈ کپ میں سپورٹ کے لیے جائیں گے۔

چاچا کرکٹ کا کہنا تھا کہ سری لنکا ،بنگلا دیش ،امریکا سے شائقین کرکٹ بھارت پہنچ چکے ہیں لیکن ہمیں ویزا نہیں مل رہا، میں بھارت جا کر پاکستان کا جھنڈا لہرانا چاہتا ہوں ، میری بھارتی حکومت سے گزارش ہے کہ پاکستانی شائقین کرکٹ کے لیے ویزوں میں نرمی برتیں۔

انہوں نے پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف سے بھی گزارش کی کہ ہمارے لیے بھارتی ویزوں کے اجراء میں آسانی پیدا فرمائیں۔

مزید خبریں :