29 ستمبر ، 2023
کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس نے 7 مختلف کارروائیوں کے دوران 89 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کرکے3 خواتین سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق ایک کارروائی میں سپر ہائی پر جامشورو کے قریب کار سے 54 کلوگرام چرس برآمد ہوئی اور اس دوران شکارپور کے رہائشی ملزم کو موقع پر گرفتار کیا گیا۔
وندر کے قریب کارروائی کے دوران 2 خواتین سمیت کراچی کے رہائشی 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کے سفری بیگز اور سامان سے 18 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جو منشیات پشین سے کراچی اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق آر سی ڈی ہائی وے پر وندر کے قریب مسافر بس میں سوار خاتون کو گرفتار کیا گیا، ملزمہ کے قبضے سے 5 کلوگرام آئس اور 2 کلو 500 گرام ہیروئن برآمد ہوئی، ملزمہ منشیات واٹر کولر میں چھپا کر قلات سے کراچی اسمگل کر رہی تھی۔
اس کے علاوہ اے این ایف نے الفتح مال فیصل آباد کے قریب موٹرسائیکل سوار سے 4 کلو 800 گرام ہیروئن برآمد کی جب کہ پشاور میں واقع کوریئر آفس میں پارسل سے بھی آئس برآمد ہوئی، ایک کلوگرام آئس کپڑوں کے ڈبوں میں چھپا کر بحرین اسمگل کی جا رہی تھی۔
اے این ایف کے مطابق ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے مذید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔