Time 02 اکتوبر ، 2023
پاکستان

پاور ڈویژن کا بجلی چوروں سے 14 ارب 33 کروڑ روپے سے زائد وصولیوں کا دعویٰ

ریکوری میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) 3 ارب 85 کروڑ 20 لاکھ روپے وصولیوں کے ساتھ سرفہرست ہے: سیکرٹری پاور ڈویژن— فوٹو: فائل
ریکوری میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) 3 ارب 85 کروڑ 20 لاکھ روپے وصولیوں کے ساتھ سرفہرست ہے: سیکرٹری پاور ڈویژن— فوٹو: فائل

سیکرٹری پاور راشد لنگڑیال نے اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ملک بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 14 ارب 33 کروڑ 30 لاکھ روپے سے زائد وصولیاں کر لی گئی ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ بجلی چوری کے خلاف مہم میں اب تک 10 ہزار افراد کو گرفتار  جبکہ بجلی چوری کی 23 ہزار 152 ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا ہے۔

سیکرٹری پاور ڈویژن کے مطابق ریکوری میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) 3 ارب 85 کروڑ 20 لاکھ روپے وصولیوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں میں حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) 2 ارب 69 کروڑ 40 لاکھ اور  پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کی جانب سے 2 ارب 42 کروڑ کی وصولیاں کی گئی ہیں۔

سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی (سیپکو) نے 1 ارب 63 کروڑ اور ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی (میپکو) کی جانب سے 1 ارب 62 کروڑ 40 لاکھ روپے کی وصولیاں کی گئی ہیں۔

مزید خبریں :