02 اکتوبر ، 2023
راولپنڈی میں شیخ رشید کے ساتھ گرفتار ان کا بھتیجا شیخ شاکر گھرپہنچ گیا۔
شیخ راشد شفیق نے شیخ شاکر کےگھر پہنچ جانےکی تصدیق کردی ہے، شیخ رشید کے ملازم اور ڈرائیورکو پہلے ہی رہا کردیا گیا تھا۔
اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں شیخ رشید، شیخ شاکر اور ملازمین کی حراست کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی۔
درخواست میں کہا گیا تھا کہ پولیس اہلکار شیخ رشید سمیت دیگر افراد کو بغیر کسی وارنٹ کےگرفتار کرکے لےگئے، شیخ شاکر تاجر ہیں، انہیں بھی شیخ رشید کے ساتھ غیر قانونی حراست میں لیا گیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ پولیس کو ہدایت کی جائےکہ زیرحراست افراد کو عدالت میں پیش کریں۔
عدالت نے آر پی او راولپنڈی کو جواب کے لیے سات دن کی مہلت دیتے ہوئےکہا تھا کہ شیخ رشید ایک ہفتے کے اندر پیش نہ ہوئے تو ایف آئی آر کا حکم دیں گے۔