02 اکتوبر ، 2023
لاہور: مسلم لیگ ن کی سابق رکن پنجاب اسمبلی رخسانہ کوثر بھی مبینہ طور پر بجلی چوری میں ملوث نکلیں، لیسکو نے بجلی چوری میں استعمال ہونے والی تاریں قبضے میں لےکر بجلی چوری کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرادیا۔
ترجمان لیسکو کےمطابق رخسانہ کوثر کو ڈیوس روڈ سب ڈویژن کے علاقے میں مبینہ طور پر بجلی چوری کرتے پکڑاگیا، وہ لیسکو کی ڈائریکٹ سپلائی سےمبینہ طور پر کنڈا لگا کر بجلی چوری کر رہی تھیں۔
لیسکو عملے نے متعلقہ تھانے میں ان کے خلاف بجلی چوری کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرادیا، پولیس نے انہیں گرفتار کرنےکی کوشش کی مگر وہ فرار ہوگئیں۔ لیسکو نے رخسانہ کوثر پر 5 لاکھ 75 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔
دوسری جانب سابق ایم پی اے کا کہنا ہےکہ انہوں نے اپنا گھر کرائے پر دے رکھا ہے، کرائے داروں نے غلط کام کیا،کرائے دار گزشتہ روز سے روپوش ہیں، میٹر میرے نام ہے، اس لیے میرے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔