ایکس (ٹوئٹر) میں اب لنکس کے ساتھ ٹیکسٹ نظر نہیں آئے گا

یہ تبدیلی براہ راست ایلون مسک کی ہدایت پر کی گئی ہے / رائٹرز فوٹو
یہ تبدیلی براہ راست ایلون مسک کی ہدایت پر کی گئی ہے / رائٹرز فوٹو

ایکس جسے پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا، نے اچانک اپنے پلیٹ فارم پر عجیب تبدیلی کی ہے جس کے تحت کسی خبر کے لنک کو پوسٹ کرنے پر اس کی ہیڈلائن نظر نہیں آتی۔

ایکس کے مالک ایلون مسک کے مطابق اس سے پوسٹس زیادہ بہتر نظر آئیں گی۔

اب جب کوئی لنک ایکس پر پوسٹ کیا جائے گا تو خبر میں شامل تصویر صارف کے سامنے نظر آئے گی جس کے بائیں کونے میں ویب سائٹ ڈومین لکھا ہوگا مگر مزید کچھ بھی نہیں لکھا ہوگا جس سے معلوم ہو سکے کہ اس تصویر پر کلک کرنے پر آپ کسی اور ویب سائٹ پر چلے جائیں گے۔

یہ تبدیلی آئی او ایس اور ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے کی گئی ہے اور اس سے صارفین کے لیے اندازہ لگانا مشکل ہو جائے گا کہ کونسی تصویر کسی خبر کی ہے اور کونسی عام سی تصویر ہے۔

لنک پوسٹس سے ہیڈ لائن ہٹانے کے اس فیچر پر اگست سے کام کیا جا رہا تھا۔

اس موقع پر ایلون مسک نے بتایا تھا کہ ایسا ان کی ہدایت پر کیا جا رہا ہے جس سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم زیادہ بہتر نظر آنے لگے گا۔

یہ پہلا موقع نہیں جب ایکس کی جانب سے میڈیا اداروں کے خلاف اس طرح کا اقدام کیا گیا ہے۔

ایلون مسک کی ملکیت میں جانے کے بعد سے اس طرح کے اقدامات کیے جاتے رہے ہیں۔

حال ہی میں ایلون مسک نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ وہ اب روایتی میڈیا کی خبریں نہیں پڑھتے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ ایکس الگورتھم کو لنکس کے خلاف ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ لوگ زیادہ سے زیادہ وقت سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر رہ سکیں۔

مزید خبریں :