10 اکتوبر ، 2023
لاہور: پاکستان سپر لیگ 9 کی ڈرافٹ دسمبر کے وسط میں ہوگی۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل ڈرافٹ کے لیے 12 سے 14 دسمبر تک کی تاریخیں تجویز کی گئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پی ایس ایل ڈرافٹ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے بعد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ یکم سے 9 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل ڈرافٹ کے لیے اگلے 2 ہفتے میں رجسٹریشن کے عمل کا آغاز ہوگا، رجسٹریشن مکمل ہونے پر کیٹیگریز ری نیو کا عمل مکمل کیا جائے گا اور قومی سلیکشن کمیٹی کیٹیگریز کے ری نیو کا کام کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ فرنچائزز کھلاڑیوں کی کیٹیگریز کے حوالے سے درخواستیں دے سکیں گی اور اسی دوران کھلاڑیوں کی ری ٹینشن، پک آرڈر اور ٹریڈ ونڈو مکمل ہوگی، پی ایس ایل کے حوالے سے تمام کام نومبر کے آخری ہفتے میں مکمل ہو جائیں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پی سی بی نے پی ایس ایل 9 پاکستان میں ہی کرانے کا اعلان کر رکھا ہے، پی ایس ایل 9 کے لیے آئندہ برس 8 فروری سے 24 مارچ تک کی ونڈو رکھی گئی ہے۔