کھیل
Time 11 اکتوبر ، 2023

ورلڈکپ: روہت کی ریکارڈ ساز اننگز کی بدولت بھارت نے افغانستان کو ہرا دیا

یہ اہم میچ نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے جس میں میزبان ٹیم پہلے فیلڈنگ کرے گی__فوٹو: ای ایس پی این
یہ اہم میچ نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے جس میں میزبان ٹیم پہلے فیلڈنگ کرے گی__فوٹو: ای ایس پی این

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے نویں میچ میں بھارت نے کپتان روہت شرما کی ریکارڈ ساز اننگزکی بدولت افغانستان کو با آسانی 8  وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔

بھارت نے افغانستان کا 273 رنز کا ہدف با آسانی 35 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، کپتان روہت شرما نے 84 گیندوں پر 131 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی،ان کی اس اننگز میں 5 چھکے اور 16 چوکے شامل تھے۔

اس کے علاوہ ایشان کشن نے47 ، ویرات کوہلی  55 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے جبکہ  شریاس ائیر نے  25 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے  راشد خان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، روہت کو شاندار بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

افغانستان کے خلاف میچ میں روہت نے کئی ریکارڈز توڑے

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

بھارتی کپتان روہت شرما انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے اور ورلڈکپ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بیٹر بن گئے۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی کپتان روہت شرما نے افغانستان کے خلاف اننگز میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا 554 واں چھکا مار کر سابق ویسٹ انڈین کرکٹر کرس گیل کو پیچھے چھوڑ دیا۔

کرس گیل نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں 553، پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے 476، نیوزی لینڈ کے برینڈن میکولم نے 398 چھکے مارے۔

روہت نے ورلڈکپ میں ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ کر سب سے زیادہ سنچریاں بنا ڈالیں

ہدف کے تعاقب میں روہت شرما نے افغانستان کے خلاف شاندار سنچری اسکور کی جس کے بعد وہ سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ورلڈکپ میں سب سے زیادہ 7 سنچریاں بنانے والے بیٹر بن گئے۔

روہت نے ورلڈکپ کی 19 اننگز میں ساتویں سنچری اسکور کی، اس سےقبل ون ڈے ورلڈکپ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھارت کے سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا جنہوں نے 44 اننگز میں 6 سنچریاں بنائی تھیں۔

بھارتی کپتان روہت شرما کی یہ  ون ڈے کیریئر کی 31ویں سنچری تھی۔

بھارتی کی جانب سے تیز ترین ورلڈکپ سنچری

افغانستان کے خلاف روہت کی سنچری بھارت کی جانب سے ورلڈکپ میں تیز ترین سنچری بھی ہے۔انہوں نے 63 گیندوں پر 4 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی۔

اس سے قبل سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے 1983 کے ورلڈکپ میں 72 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔

 بدھ کو افغانستان اور بھارت کا میچ نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز بنائے، حشمت اللہ شاہدی 80 رنز بناکر نمایاں رہے۔

افغانستان کی اننگز

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

بھارت کے خلاف افغانستان کی پہلی وکٹ 32 کے مجموعی اسکور پر گری، جب جسپریت بمراہ نے اوپنر ابراہیم زدران کو 22 رنز پر آؤٹ کیا۔

اس کے بعدرحمان اللہ گرباز کو ہاردک پانڈیا نے 21 جب کہ رحمت شاہ کو شاردل ٹھاکر نے 16 رنز پر پویلین بھیجا۔

63 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد عظمت اللہ عمر زائی اور حشمت اللہ شاہدی نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کو سنبھالا، دونوں کے درمیان 121 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔

لیکن پھر عظمت اللہ عمر زائی 62  اورحشمت اللہ شاہدی 80 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اس کےعلاوہ محمد نبی نے 19، راشد خان نے 16، مجیب الرحمان نے 10 اور نوین الحق نے 9 رنز بنائے، یوں افغانستان نے 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز اسکور کیے۔

بھارت کی جانب سے بمراہ نے 4، ہاردک پانڈیا نے 2 اور کلدیپ یادیو اور ٹھاکر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پوائنٹس ٹیبل

فوٹو: کرک انفو
فوٹو: کرک انفو

آئی سی سی ورلڈکپ کے پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو نیوزی لینڈ پہلے، بھارت دوسرے، پاکستان تیسرے اور جنوبی افریقا چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

گروپ اسٹیج کے اختتام پر ٹاپ 4 ٹیمیں ورلڈکپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

واضح رہے کہ ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ 14 اکتوبر بروز ہفتے کو احمد آباد میں نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :