24 فروری ، 2012
اقوام متحدہ… اقوام متحدہ اور عرب لیگ نے عالمی ادارہ کے سابق سربراہ کوفی عنان کو شام کیلئے مشترکہ خصوصی نمائندہ مقرر کر دیا۔ اس بات کا اعلان اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر سے سیکرٹری جنرل بان کی مون اور عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل نبیل العرابی کی طرف سے جاری مشترکہ اعلان میں کیا گیا۔ کوفی عنان شام میں جاری بحران کیلئے اعلیٰ سطح کے مندوب ہوں گے۔ اعلان کے مطابق کوفی عنان کا ایک نائب بھی مقرر کیا جائے گا جس کا تعلق کسی عرب ملک سے ہوگا۔ کوفی عنان شام کے اندر اور باہر تمام متعلقہ فریقوں سے تفصیلی مشاورت کریںگے جس کا مقصد شام میں جاری بحران کا خاتمہ ہوگا۔ اعلان کے مطابق اقوام متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل کوفی عنان نے شام کے بحران کو حل کرنے کے مشن کو قبول کر لیا ہے جس پر بان کی مون اور نبیل العربی دونوں نے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ دریں اثناء اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے اقوام متحدہ کی ایمرجنسی ریلیف کوآرڈی نیٹر ویلری ریموس کو شام کا دورہ کرکے وہاں کی صوررتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔