15 اکتوبر ، 2023
فاسٹ بولر محمد عامر نے ایک بار پھر پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم نے اپنی پوری اننگز دباؤ میں کھیلی اور جب ذمہ داری لینےکا وقت آیا تو بابر نے ذمہ داری نہیں لی۔
پاک بھارت میچ سے متعلق جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ بھارت کے ہاتھوں شکست پر ہم مڈل آرڈر بیٹرز کو مورد الزام نہیں ٹھہرا سکتے کیونکہ بابر اور رضوان نے خود یہ اسٹیج بنایا۔
محمد عامر کا کہنا تھا کہ میں ویرات کوہلی کو اس لیے بابر کے مقابلے زیادہ ریٹ دیتا ہوں کیونکہ ویرات خود ہی کھیل کر میچ کو فنش کرتے ہیں جو کہ ایک بڑے پلیئر کی نشانی ہے۔
دوسری جانب میزبان نے محمد عامر سے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کے بیان سے متعلق سوال کیا کہ میچ کے بعد ہاردک پانڈیا کا کہنا تھا کہ بابر اور رضوان کی اننگز کے دوران ہم پریشان نہیں تھے کیونکہ وہ ڈر کر کھیل رہے تھے اور ہم پر امید تھے اگر ان میں سے ایک بھی آؤٹ ہوا تو وکٹوں کا دروازہ کھل جائے گااور پھر وہی ہوا ؟ اس پر آپ کی کیا رائے ہے؟
میزبان کے سوال پر محمد عامر کا کہنا تھا کہ ایسا ہے کیوں کہ اگر ہم آؤٹ آف دی باکس چیزیں نہیں کریں گے تو میں خود بھی بطور بولر بیٹرز کو ہٹ کرتا رہوں گا کیوں کہ مجھے پتہ ہے بیٹر چانس نہیں لے رہا، اگر ہمیں پتا ہے کہ وکٹ صحیح ہیں تو ہمیں ہٹ کر نا پڑتا ہے اور چانس لینا پڑتا ہے، مجھے 3 سے 4 اوورز بعد پتہ چلا کہ کلدیپ یادیو کے کور پوائنٹ پر کوئی فیلڈر موجود نہیں تھا لیکن اس کے باوجود ہمارے کھلاڑیوں نے چانس نہیں لیا۔