نواز شریف دبئی پہنچ گئے، ہفتےکی صبح پاکستان کیلئے روانہ ہونگے

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم  نواز  شریف سعودی عرب سے دبئی پہنچ گئے، وہ ہفتےکی صبح  خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان پہنچیں گے۔

نواز شریف  جدہ سے دبئی پہنچے ہیں، ان کے ہمراہ  پانچ افراد  دبئی آئے ہیں، نواز شریف کو دبئی ائیرپورٹ پر حکام کی طرف سے خصوصی پروٹوکول دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف دبئی میں اپنی صاحبزادی اسما نواز کے  ساتھ ایمریٹس ہلز میں قیام کر رہے ہیں۔

سابق وزیر اعظم دبئی میں دو دن قیام کریں گے، اس دوران اپنے قانونی ماہرین سے مزید صلح مشورے کریں گے۔

سابق وزیراعظم ہفتےکی صبح  خصوصی طیارے کے  ذریعے پاکستان کے لیے روانہ ہوں گے۔

 نواز شریف 21 اکتوبر کو اسلام آباد آئیں گے، اسلام آباد میں قانونی امور  پر مشاورت کے بعد لاہور  روانہ ہوں گے جہاں وہ مینار  پاکستان پر جلسے سے خطاب کریں گے۔

لاہور میں نواز شریف کے جلسہ گاہ اور اطراف کی سڑکوں پر 12 ہزارپولیس اہلکار اور تین ہزار ٹریفک وارڈن ڈیوٹی دیں گے، قافلوں کے لیے بند روڈ اور  رنگ روڈ کے قریب پارکنگ ہوگی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اعظم نذیر تارڑ نےکہا ہےکہ نواز شریف کی واپسی کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، شیڈول کے مطابق نوازشریف کا خصوصی طیارہ اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچےگا جہاں سے وہ لاہور  روانہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی کا پلان وہی ہے جو اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرایا گیا ہے، شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا جب کہ احتساب عدالت نے بھی توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیے۔

مزید خبریں :