8 ارب سال کے فاصلے سے آنیوالا کائناتی ریڈیو سگنل دریافت

ایک تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / فوٹو بشکریہ ای ایس او
ایک تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / فوٹو بشکریہ ای ایس او

سائنسدانوں نے 8 ارب سال کے فاصلے سے ریڈیو سگنل موصول ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

یہ اب تک سب سے زیادہ فاصلے سے موصول ہونے والا فاسٹ ریڈیو برسٹ (ایف آر بی) سگنل ہے۔

ایف آر بی نامی یہ ریڈیائی لہریں بہت کم وقت کے لیے پیدا ہوتی ہیں اور یہ نیا سگنل 2 یا 3 آپس میں مدغم ہونے والی کہکشاؤں کے گروپ کا ہو سکتا ہے۔

ایک نئی تحقیق میں اس دریافت کے بارے میں بتایا گیا۔

تحقیق کے مطابق یہ سگنل جون 2022 میں آسٹریلیا کی CSIRO’s ASKAP ریڈیو ٹیلی اسکوپ نے شناخت کیا تھا۔

فاسٹ ریڈیو برسٹ کے دوران محض ایک ملی سیکنڈ میں اتنی توانائی خارج ہوتی ہے جو سورج 30 سال کے دوران خارج کرتا ہے۔

محققین نے چلی کی ویری لارج ٹیلی اسکوپ (وی ایل ٹی) کو استعمال کرکے اس سگنل کی ماخذ کہکشاں کو تلاش کیا۔

انہوں نے دریافت کیا کہ یہ اب تک کا سب سے قدیم ریڈیو سگنل ہے جو ممکنہ طور پر 8 ارب سال کا فاصلہ طے کرکے زمین پر پہنچا ہے۔

اس ریڈیو سگنل کو ایف آر بی 20220610A کا نام دیا گیا ہے۔

سائنسدان ابھی یہ نہیں جان سکے کہ اس طرح کے سگنلز میں بہت زیادہ مقدار میں توانائی کا اخراج کیوں ہوتا ہے مگر تحقیق کے نتائج سے اب بات کی تصدیق ہوئی کہ اس طرح کے سگنلز کائنات میں عام ہوتے ہیں۔

ان سگنلز کو کہکشاؤں کے درمیان موجود مادے کو شناخت کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے اور کائنات کی ساخت جاننے میں مدد ملتی ہے۔

محققین نے بتایا کہ اگر ہم کائنات میں موجود مادے کی مقدار کا تعین کرلیتے ہیں تو ہم بہت کچھ ایسا جان لیں گے جس سے ابھی ہم واقف نہیں۔

مزید خبریں :